لکھنؤ:28/مارچ (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے ایم ایل سی رکن احمد حسن قانون ساز کونسل میں اپوزیشن لیڈر ہوں گے۔قانون ساز کونسل کے چیف سکریٹری موہن یادونے آج یہاں بتایاکہ ایوان کے چیئرمین رمیش یادونے آئین کے آرٹیکل 184 کے تحت حاصل حقوق کا استعمال کرتے ہوئے حسن کو ایوان بالا میں اپوزیشن لیڈر بنایا ہے۔ایس پی کواسمبلی ہاؤس پارٹی کی میٹنگ میں آج پارٹی صدر اکھلیش یادو کو اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر منتخب کرنے کا حق دیا گیا تھا۔پارٹی کے ترجمان راجندر چودھری نے بتایا کہ اکھلیش نے آج ہی حسن کے نام پر مہر لگا دی۔ سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر حسن اب تک قانون ساز کونسل میں رکن تھے۔ انتخابات میں سماج وادی پارٹی کی شکست کے بعدوہ اعلیٰ ایوان میں اپوزیشن لیڈر کی ذمہ داری اداکریں گے۔